کوئٹہ میں مبینہ لین دین کے تنازعے پر مشتعل افراد کے تشدد سے نوجوان جاں بحق

ورثاء نے کوئٹہ کے وسطی علاقے میں سیکیورٹی زون کے قریب زرغون روڈ پر میت رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا— فوٹو: سوشل میڈیا 

کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں مبینہ لین دین کے تنازع پر چند افراد کے تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے جبکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے لواحقین اور دیگر افراد نے  احتجاجی مظاہرہ کیا۔

گذشتہ رات کیرانی میں لین دین کے تنازعے میں مشتعل افراد کے مبینہ تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان سول اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ جاں بحق نوجوان کی شناخت بلال نورزئی کے نام سے ہوئی ہے۔

تشدد سے جاں بحق نوجوان کے ورثاء نے کوئٹہ کے وسطی علاقے میں سیکیورٹی زون کے قریب زرغون روڈ پر میت رکھ کر احتجاج کیا اور واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ 

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ 

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

واقعے کےحوالے سے غفلت برتنے پر علاقہ ایس ایچ او بروری تھانہ اور ڈیوٹی افسر سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کردیاگیا ہے۔

مزید خبریں :