کوئٹہ: مشتعل افراد کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے،فوٹو:فائل

کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں مشتعل افراد کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 8 رکنی جے آئی ٹی ایس ایس پی انوسٹی گیشن اسد ناصر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ جے آئی ٹی 15 روز میں واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ 

خیال رہے کہ دو روز قبل  ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ میں مبینہ لین دین کے تنازع پر چند افراد کے تشدد سے ایک نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے  تھے۔

واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان سول اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت بلال نورزئی کے نام سے ہوئی تھی۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے واقعے نوٹس لیتے ہوئے  ہدایت کی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

واقعے کےحوالے سے غفلت برتنے پر علاقہ ایس ایچ او بروری تھانہ اور ڈیوٹی افسر سمیت 5 اہلکاروں کو معطل بھی کیاگیاتھا۔

مزید خبریں :