سندھ پبلک سروس کمیشن بدنام ترین اور مہاجر دشمن ادارہ ہے، ایم کیو ایم

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے  رہنما خواجہ اظہار  نے کہا ہے کہ  جعلی ڈومیسائل کے معاملے پر اسمبلی سمیت ہر جگہ آواز اٹھائی، سندھ کو خطرہ سندھ کے حکمرانوں سے ہے۔

بہادرآباد میں قائم پارٹی کے عارضی مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ جعلی ڈومیسائل کے معاملے پر اسمبلی  سمیت ہر جگہ آواز اٹھائی لیکن کہیں سے کچھ نہ ہوا تو عدالت سے رجوع کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو خطرہ سندھ کے حکمرانوں سے ہے، یہ نوٹیفکیشن نکال کر کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں؟ سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے، جعلی ڈومیسائل بنانے والے کون ہیں؟ 

ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں ایک سے 15 گریڈ کی نوکریوں پرکراچی کے نوجوان کیوں نہیں؟ ان کی نوکریوں پر مقامی لوگوں کا حق ہے لہٰذا سندھ کے عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا کے لوگوں کا جعلی ڈومیسائل بنا ہے تو اس کی وجہ کرپٹ افسران ہیں، ایم کیوایم کا مؤقف ہے کہ 1973 کے آئین پر عمل کیا جائے۔

جعلی ڈومیسائل کے حوالے سے ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ عدالت میں جعلی ڈومیسائل کا معاملہ چل رہا ہے اور امید ہے جلد فیصلہ ہوگا، سندھ حکومت نے عدالت میں جواب دیا کہ جعلی ڈومیسائل پر کوئی شکایت نہیں ملی حالانکہ جعلی ڈومیسائل پروزیراعلیٰ سندھ کو کئی خطوط لکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن کے ذریعے عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے جس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کروں گا۔

خواجہ اظہار کا کہنا ہے کہ جعلی ڈومیسائل کے خلاف سوشل میڈیا پر لوگوں نے بھی آواز بلند کی ہے، ایم کیو ایم کہہ رہی ہے جو قانون ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا تھا، اس پر عمل کریں لیکن یہ نہیں ہوگا کہ قانون بھی بناؤ  اور اس کی دھجیاں بھی اڑاؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کچھ نہیں کر سکتی، اس کے پاس کیا اختیار ہے؟ سندھ پبلک سروس کمیشن بدنام ترین ادارہ ہے، کون سندھ پبلک سروس کمیشن کے کارناموں کو نہیں جانتا، یہ ایک مہاجر دشمن ادارہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جعلی ڈومیسائل کے حوالے سے معاملہ سامنے آیا تھا کہ سندھ میں دیگرصوبوں کے شہریوں کو جعلی ڈومیسائل بناکر دیے گئے ہیں۔

اس معاملے پر حکومت سندھ نے کمیٹی قائم کی تھی جس نے چھان بین کے دوران کئی افراد کے جعلی ڈومیسائل بنانے کا انکشاف کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی جعلی ڈومیسائل کا معاملہ گرم ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سندھ کے جعلی ڈومیسائل پر دوسرے صوبوں کے کئی افراد سرکاری محکموں میں ملازمت اختیار کرچکے ہیں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔

مزید خبریں :