بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دینے پر احتجاج

پاکستان نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دینے کے معاملے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ 

بھارت کی جانب سفارتی آداب کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت نے پاکستانی ہائی کمشین کے دو ارہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے۔

سفارتی آداب کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ہائی کمیشن نئی دلی کے دو اہلکاروں کو ناپسندیدہ قراردینے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سفارتی اہلکاروں پر بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام ویانا کنونشن اورسفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے، بھارت ایسے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹاسکتا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے سفارتی اہلکاروں کو دھمکانے کا  سلسلہ گزشتہ سال بھی جاری رہا ہے اور 13 جنوری 2019 کو بھارتی اہلکاروں نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات اہلکار کو گرفتار کر کے کئی گھنٹوں تک حبس بے جا میں رکھا اور اس دوران کچھ کاغذات پر زبردستی دستخط بھی کروائے تھے۔

اس کے علاوہ کورونا وبا کے دوران بھی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دراندازی کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی سیکیورٹی فورسز معصوم آبادی کو نشانہ بنارہی ہیں جس سے کئی افراد شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :