سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

— فوٹو: فائل 

کراچی: سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

رہنما پیپلزپارٹی رفیع اللہ بلوچ کا کہنا ہے کہ غلام مرتضیٰ بلوچ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور  وہ کئی دنوں سے وینٹی لیٹرپر تھے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال کی تصدیق کی اور دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیر کچی آبادی سندھ غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

اپنے بیان میں بلاول کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر شدید صدمہ ہوا، انہوں نے لاک ڈاؤن میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا اور ہر دور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔

غلام مرتضیٰ بلوچ سندھ اسمبلی کے حلقہ 88 ملیر 2 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ سندھ اسمبلی کے کئی ارکان  میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک 526 اموات ہوچکی ہیں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 31 ہزار سے زائد ہے۔

مزید خبریں :