کیا عاطف اسلم گلوکاری کو خیرباد کہنے والے ہیں؟

گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اذان کی ویڈیو جاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا تھا— فوٹو:فائل 

پاکستان کے نامور گلوگار عاطف اسلم نے گلوکاری چھوڑنے سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کریا۔

گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی صورتحال کے دوران عاطف اسلم نے اپنی سحر انگیز آواز میں اذان کی ویڈیو جاری کی تھی جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا تھا۔

رمضان المبارک میں بھی عاطف اسلم نے اللہ تعالیٰ کے 99 ناموں 'اسماءالحسنیٰ' کو اپنی خوبصورت آواز میں پڑھ کر سب کو محظوظ کیا تھا۔

اب جیو نیوز کے پروگرام میں ’کیپیٹل ٹاک‘ میں عاطف اسلم نے مسجد الحرام میں اذان دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ ’دنیا کے ساتھ ساتھ دین کو بھی رکھنے کی کوشش کررہا ہوں، انسان ہوں ، انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں‘۔

گلوکاری چھوڑے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’میں میوزک نہیں چھوڑنے والا اور نہ ہی چھوڑوں گا، دماغ میں ایسا کوئی سلسلہ نہیں کہ میوزک چھوڑ دوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دعا ہمیشہ ہوتی ہے کہ میں خانہ کعبہ (مسجد الحرام) میں اذان دے دوں، اس کی سفارش کرنے والے انسان کے لیے ساری زندگی کام کرنے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ عاطف اسلم نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی مشہور ہیں اور کئی بالی وڈ فلموں کے لیے اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

مزید خبریں :