’رنگ و روپ سے کچھ نہیں ہوتا صرف محبت معنی رکھتی ہے‘

فوٹو انسٹاگرام—

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے نسلی تعصب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رنگ و روپ سے کچھ نہیں ہوتا صرف محبت معنی رکھتی ہے۔

شنیرا اکرم نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لوگوں کی منفی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے اپنے اور وسیم اکرم کے رشتے کی اہمیت کو بیان کیا۔

شنیرا اکرم کی یہ پوسٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر نسلی پرستانہ تعصب کے چرچے جاری ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں سب سے پہلے لوگوں کی تنقید بیان کی جس میں لکھا کہ ’اس نے شادی صرف اس لیے کہ کیونکہ وہ گوری ہے، سوال کرتے تھے کہ  اس کے جسم سے الگ بو آتی ہے؟ اس نے کسی دیسی لڑکی سے شادی کیوں نہیں کی؟ 

انہوں نے لکھا کہ لوگ کہتے تھے ’تم دونوں مختلف ہو، دونوں کو ایک جوڑے کے طور پر کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا، اس کا بیٹا کبھی بھی ایک گوری کو اپنی سوتیلی ماں برداشت نہیں کرے گا، اگر تم دونوں کے بچے ہوں گے تو وہ بڑے ہو کر تذبذب کا شکار ہوجائیں گے‘۔

بعدازاں ان تمام تنقید پر  شنیرا اکرم نے اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ساتھ رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ رنگ و روپ کوئی معنی نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں رنگ و روپ کا مسئلہ صرف انہیں ہوتا ہے جو اس کو  ترجیح دیتے ہیں۔

علاوہ ازیں شنیرا اکرم نے اپنی پوسٹ میں ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہوئے نسل پرستی اور تعصب کی شدید مذمت بھی کی۔ 

واضح رہے کہ شنیرا اکرم وسیم اکرم کی دوسری اہلیہ ہیں جن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔

مزید خبریں :