عمان، ایران اور افریقا سے ٹڈی دل کے مزید حملوں کا خدشہ ہے: فخر امام

 وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک فخر امام کا کہنا ہے کہ  عمان، ایران اور افریقا سے ٹڈی دل کے مزید حملوں کا خدشہ ہے۔

نیشل لوکسٹ کنٹرول سینٹر ( این ایل سی سی) راولپنڈی میں   بریفنگ دیتے ہوئے فخر امام نے کہا کہ ملک میں ٹڈی دل کا حملہ کنٹرول ہوا ہے، این ایل سی سی، نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)، پاک فوج اور محکمہ موسمیات نے مل کر ٹڈی دل کا مقابلہ کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 1992 کے بعد پہلی بار ٹڈی دل کا حملہ ہوا ہے، ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے چین نے 49 لاکھ ڈالرز کے کیمیکلز دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹڈیاں کنٹرول کرنے کے لیے 14 ارب وفاقی اور 12 ارب  روپے چاروں صوبوں کی جانب سے فنڈنگ ہوگی  جب کہ پاک فوج کے 5 سے 8 ہزار جوان ٹڈیوں کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں۔

اس موقع پر  این ایل سی سی کے نیشنل کو آرڈینیٹر لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز نے بتاہا کہ ٹڈی دل کا آئندہ حملہ افریقا اور عُمان سے ہوتا ہوا پاکستان اور پھر بھارت جائے گا جب کہ  نومبر دسمبر میں ٹڈی دل کا حملہ بھارت سے واپس ان ممالک کی جانب پلٹے گا۔

لیفٹننٹ جنرل معظم اعجاز  کا مزید کہنا تھا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔

مزید خبریں :