دنیا
Time 23 جون ، 2020

چینی میڈیا نریندر مودی کی تعریف کیوں کررہا ہے؟

لداخ کی وادی گلوان میں چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے مودی سرکار کو اپوزیشن کے سخت سوالات اور تنقید کا سامنا ہے۔

کانگریس رہنما راہول گاندھی کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

راہول گاندھی نے ایک حالیہ ٹوئٹ میں  کہا کہ چین نے بھارت کے فوجی مارے، زمین پر قبضہ کیا، لیکن پھر بھی چینی میڈیا اس وقت مودی کی تعریف کیوں کررہا ہے؟

کانگریس رہنما نے چینی میڈیا میں شائع آرٹیکل سے متعلق رپورٹ بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔ 

رپورٹ میں چینی میڈیا میں 'بھارت کو خوب خبر ہےکہ چین سے جنگ نہیں لڑسکتا' کے عنوان سےشائع  آرٹیکل  پر تبصرہ کیا گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق کشیدگی کم کرنے کے لیے مودی لفظوں سے کھیل رہےہیں، ان کا مقصد اپنے عوام کو رام کرنا اور فوج کا مورال بڑھانا ہے۔

چینی میڈیا میں بھارتی وزیراعظم کے اس بیان کو بھی خوب سراہا گیا ہے جس میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ہمارے حدود میں داخل نہیں ہوا اور نہ ہی ہماری کسی پوسٹ پر قبضہ کیا گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم کا بیان دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو ختم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے کیونکہ اس بیان کے بعد  چین پر لگایا گیا الزام اخلاقی طور پر ختم ہوجاتا ہے۔

اس حوالے سے راہول گاندھی نے ایک اور ٹوئٹ میں تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے اور بھارت اسے واپس لینے کے لیے مذاکرات کررہا ہے جب کہ چین کا کہنا ہے کہ یہ اس کی زمین ہے اور ہمارے وزیراعظم چینی مؤقف کی کھلے عام حمایت کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وادی گلوان میں سرحدی خلاف ورزی کرنے پر چینی فوج نے 20 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور 80 کے قریب اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا جب کہ 3 افسران سمیت 10 اہلکاروں کو گرفتار بھی کرلیا تھاجنہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا۔

مزید خبریں :