عمران خان تو آئے ہی نوٹس لینے ہیں، وہ استعفیٰ نہیں دیں گے، شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان تو آئے ہی نوٹس لینے ہیں، وہ استعفیٰ نہیں دیں گے انہیں ایوان کا اعتماد حاصل ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم نوٹس لینابند کریں اور استعفیٰ دے دیں۔

بلاول کو جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'تم ملک لوٹو ہم نوٹس لینا بند کردیں، تم منی لانڈرنگ کرو،ہم نوٹس نہ لیں ،ہم نوٹس لیں گے، عمران آیا ہی نوٹس لینےکیلئے ہے،وزیراعظم کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے،وہ استعفی نہیں دیں گے'۔

اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں کورونا سے متاثر کسی رکن اسمبلی کو اجلاس میں آنے کا نہیں کہا،فنانس بل ہرسال ایوان میں پیش ہوتا ہے،ہم قوانین پر عملدرآمد کر رہے ہیں،احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی اچھے ماحول میں اگے بڑھائی گئی،ہم نے کسی بھی کورونا پازیٹو ممبر کو ایوان میں نہیں بلایا، ہم ایسے غیر ذمہ دار نہیں اور نہ ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ تو کہتے تھے ہم بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے ،یہ تو کہتے تھے حکومتی اتحاد میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، آج خود بھاگ گئے اور یہاں دیکھ لیں حکومتی سائیڈ ارکان سے بھری پڑی ہے'۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ وہ اپوزیشن سے ایک سوال پوچھنا چاہتے ہیں کہ جب بھی مراد سعید بات کرنے کیلئے کھڑے ہوتے ہیں اپویزشن بھاگ کیوں جاتی ہے؟

خیال رہے کہ مالی سال 21-2020 کا بجٹ قومی اسمبلی نے منظور کرلیا ہے۔

مزید خبریں :