یونیورسٹی کے طلبہ کہاں ہیں؟ وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کے عشائیے پر طنز

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا تھا— فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں اتحادیوں کو دیے جانے والے عشائیے پر طنز کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا تھا اور عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد باقاعدہ منصوبے کا افتتاح بھی کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ارکان و اتحادیوں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ رکھا تھا جس سے انہوں نے خود خطاب بھی کیا تھا۔

اب مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے وزیراعظم کے عشائیے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے لان میں عمران خان کی طرف سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا لیکن میں سوچ رہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کے لان میں یونیورسٹی کے طلبہ کہاں ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ کیا وہاں پر یونیورسٹی نہیں ہونی تھی؟

خیال رہے کہ دسمبر 2018 کے تیسرے ہفتے میں حکام نے اعلان کیا تھا کہ محل نما پی ایم ہاؤس کو انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا جائے گا جس کا نام اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی (آئی این یو) رکھا جائے گا تاہم رواں سال یہ منصوبہ ختم کردیا گیا ہے اور اسے عمران خان کی حکومت کا ایک اور یوٹرن کہا جارہا ہے۔

مزید خبریں :