دنیا
Time 29 جون ، 2020

یورپی یونین نے 14 ممالک کے شہریوں کیلئے اپنی سرحدیں کھول دیں

یورپی یونین کی جانب سے امریکا، چین اور برازیل کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے،فوٹو:فائل

یورپی یونین نے کورونا وائرس سے قدرے محفوظ سمجھے جانے والے  14 ممالک کے شہریوں کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے 14 ممالک کے نام جاری کیے گئے ہیں جن کے شہری یکم جولائی سے یورپی یونین کے ممالک میں داخل ہوسکیں گے۔

جن ممالک کے شہریوں کو یکم جولائی سے  یورپی ممالک میں داخلے کی اجازت ہوگی ان میں آسٹریلیا،کینیڈا ،جاپان،مراکش جنوبی کوریا، الجزائر، جارجیا،مونٹی نیگرو،نیوزی لینڈ ،روانڈا، سربیا،تیونس،تھائی لینڈ اور یوروگوائے شامل ہیں۔

یورپی یونین کی جانب سے امریکا، چین اور برازیل کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ وہ چین کو بھی 14 ممالک  کی فہرست میں شامل کرنے کو تیا رہے اگر چین بھی یورپی ممالک کے شہریوں کے لیے سفری معاہدہ کرنے پر تیار ہوجائے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے کورونا وائرس کے پھلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مارچ میں ہی اپنی سرحدیں بند کردی تھیں تاہم یورپی یونین موسم گرما کے سیاحتی دورانیے سے قبل یہ پابندی مرحلہ وار اٹھانا چاہتی ہے۔

پہلے مرحلے میں ایسے ممالک کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں کورونا کی وبا  قابو میں  ہے اور وہ ممالک قدرے محفوظ تصور کیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ فرانس،جرمنی،سوئٹزرلینڈ،بیلجیم،نیدرلینڈز اور لگسمبرگ پہلے ہی اپنی  سرحدیں کھول چکے ہیں۔

مزید خبریں :