پی ایس ایکس حملہ پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کا عکاس ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بیرونی مدد سے ہونے والا بزدلانہ حملہ پاکستان مخالف ریاستی دہشتگردی کا عکاس ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کو ناکام بنا دیا، حملے میں ملوث تمام 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ بیرونی مدد سے بزدلانہ حملہ پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مظہر ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے، پاکستان دہشتگردی کی کارروائیوں میں ’را‘ کے ملوث ہونے کے مستند شواہد پہلے ہی عالمی برادری کو دے چکا ہے۔ 

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزارتِ خارجہ کی طرف سے کراچی حملے  پر بیان محض حقائق سے نظریں چرانا ہے، بھارت اپنے روئیے سے پاکستان میں دہشتگردی کرانے کی حقیقت نہیں بدل سکتا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کو بھارتی قیادت کی طرف سے ریاستی دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیوں سے آگاہ کرتا آیا ہے، عالمی برادری بھارت کی جانب سے ہمسایہ ملکوں میں دہشتگردی کرانے کا نوٹس لے۔

مزید خبریں :