دنیا
Time 30 جون ، 2020

دفتر میں ماسک پہننے کی تاکید کرنے پر سرکاری افسر کا معذور خاتون پر تشدد

ویڈیو اسکرین گریب

بھارت میں معذور ساتھی خاتون کی جانب سے دفتر میں ماسک پہننے کی تاکید کرنے پر ڈپٹی مینیجر نے اسے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں محکمہ سیاحت کے دفتر میں سرکاری افسر نے خاتون ملازم کو بال پکڑ کر بری طرح گھسیٹا اور آہنی راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حکومت نے کورونا وبا کے باعث دفاتر میں ماسک کا استعمال لازم قرار دیا ہے اور محکمہ سیاحت کے دفتر میں معذور خاتون نے اپنے ڈپٹی مینیجر کو ماسک پہننے کا کہا جس پر وہ طیش میں آگیا اور خاتون کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔

محکمہ سیاحت کے ڈپٹی مینیجر کی شناخت بھاسکر کے نام سے ہوئی جب کہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بناتے وقت دفتر کے دیگر ملازمین بھی وہاں موجود تھے جنہوں نے خاتون کی جان بچائی۔

واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس شخص نے ماسک نہیں پہنا ہوا اور وہ اچانک خاتون کی سیٹ پر آکر اسے بالوں سے گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بناتا ہے۔

واقعے پر خاتون نے اپنے افسر کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس پر ملزم نے فرار کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے پولیس نے اسے دھرلیا جب کہ اس کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

پولیس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت دیگر دفعات کے تحت ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جس پر اسے عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

مزید خبریں :