پاکستان
Time 02 جولائی ، 2020

پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے والے دانشور آج معافیاں مانگ رہے ہیں، فضل الرحمان

ملتان: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے معیشت ڈوب گئی ،وہ دانشور جو تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کو سپورٹ کرتے تھے آج معافیاں مانگ رہے ہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پاکستان کو موجودہ حکمرانوں کے رحم کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ان کی وجہ سے معیشت ڈوب گئی ہے۔

 مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  یہ کہتے تھے کہ ہم چوروں کو پکڑیں گے ،چور مل نہیں رہےتھے اب تو چور مل گئے ، چور کابینہ میں ہیں جلدی سے پکڑو چوروں کو، احتساب کا نعرہ لگانے والے اب وزراء کے خلاف کارروائی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ تقریروں سے پیٹ نہیں بھرتا، معیشت کی تباہی ریاست کے وجود کے لیے خطرہ ہے لیکن اپوزیشن کی بڑی جماعتیں اپنا کردار ادا نہیں کر رہیں، اپوزیشن رہنما بھی  کنفیوژن کا شکار ہیں اور   ان کی کمزوری سے حکمران مضبوط ہوں گے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کبھی مائنس ون تو کبھی خود کو آخری آپشن کہتے ہیں، آج وزراء کہہ رہے ہیں کہ 5 سے 6 ماہ ہیں۔

حکومتی اتحادی جماعتں سے متعلق مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ مینگل صاحب اپنے مؤقف پر مضبوط نظر آرہے ہیں جب کہ ق لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) بھی مختلف چیزوں پر حکومت سے اختلاف رکھتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو الیکشن ہوا وہ ڈھونگ ،حکومت بنی وہ بھی ڈھونگ ، بجٹ بنا وہ بھی ڈھونگ،ہمیں بلدیاتی الیکشن نہیں جنرل الیکشن چاہیے۔

مزید خبریں :