پاکستان
Time 03 جولائی ، 2020

پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کیا بلکہ تشکیل نو کررہے ہیں: زلفی بخاری

اسلام آباد: پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے چیئرمین زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی ڈی سی کو بند نہیں کر رہے بلکہ تشکیل نو کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہا کہ بدانتظامی اور سیاسی تقرریوں نے پی ٹی ڈی سی کو غیر فعال اور خسارے والا ادارہ بنادیا تھا،  تبدیلیوں کا مقصد پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے لیے چیخ و پکار کرنے والے جان لیں کہ اسےایک فعال ادارہ بنایا جارہا ہے، سرکاری اداروں کا راگ الاپنے والوں کا کیا دھرا ہم ٹھیک کر رہے ہیں،  پی ٹی ڈی سی میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لا رہے ہیں۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی ڈی سی میں 2011 سے 2013 تک 706 افراد سیاسی بنیاد پر بھرتی کیے گئے، سرکاری ادارے سیاسی ورکروں کی آماجگاہ بنے ہوں تو اداروں کا یہی حال ہوگا، پی ٹی ڈی سی کا مجموعی خسارہ 65 کروڑ روپے ہوچکا ہے اور سالانہ خسارہ 30 سے 35 کروڑ روپے ہے جب کہ پی ٹی ڈی سی موٹل کا سالانہ خسارہ 25 سے 30 کروڑ روپے ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے آپریشنز بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پی ٹی ڈی سی نے اپنا شمالی آپریشن بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کانوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

مزید خبریں :