پاکستان
Time 04 جولائی ، 2020

شالیمار ایکسپریس رحیم یار خان میں مال گاڑی سے ٹکرا گئی

کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس رحیم یار خان کے  جھیٹہ بھٹہ اسٹیشن پر مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی۔

ڈی ایس ریلوے شعیب عادل کے مطابق حادثہ کانٹا تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے پیش آیا اور مخالف سمت سے آنے والی مال گاڑی اور شالیمار ٹرین میں ٹکر ہوئی۔

ترجمان ریلوے نے بتایا کہ حادثے میں شالیمار ایکسپریس میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے تاہم ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معمولی زخمی ہوئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے میں مال گاڑی کے 2 کوچز  اور شالیمار ایکسپریس کے انجن کی فرنٹ ٹرالی ڈی ریل ہوئی جب کہ حادثے کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بلاک ہوگیا ہے جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق سمہ سٹہ اور روہڑی سے ریلیف ٹرین حادثے کی طرف روانہ کردی گئی اور ریلیف آپریشن 3 سے 4 گھنٹے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

سی ای او ریلوے دوست علی لغاری کی ہدایت پر ڈی ایس ملتان جائے حادثہ پر روانہ ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد سے لاہور آنے والی شاہ حسین ایکسپریس کوسٹر سے ٹکرا گئی تھی جس سے کوسٹر میں سوار 22  مسافر ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت سکھ یاتریوں کی تھی۔

ترجمان ریلوے کے مطابق حادثہ شیخوپورہ میں فاروق آباد اور بحالی ریلوے اسٹیشن کے درمیان بغیرپھاٹک کی کراسنگ پر پیش آیا تھا۔

مزید خبریں :