پاکستان
Time 05 جولائی ، 2020

ہماری طرح اپوزیشن اپنی قوت کا اظہار کرتی تو نتائج کچھ اور ہوتے: فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا ہے کہ  معاشی ناکامی ریاست کے لیے تباہ کن ہے، جے یوآئی کی طرح اپوزیشن اپنی قوت کا اظہارکرتی تو نتائج کچھ اور ہوتے۔

مظفر گڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی جمود ہے، ہر وقت قومی احتساب بیورو(نیب) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی تلوار لٹک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں احتساب صرف اپوزیشن کاہوتا ہے جب کہ 30 ارب روپےکا بی آر ٹی منصوبہ اب 120 ارب روپے سے زائد کا ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 جولائی 1977ء کو جمہوریت کا قتل ہوا، ہم نے اس کا مقابلہ کیا، پاکستان جمہوری ملک ہے، یہاں ڈکٹیٹر شپ یاصدارتی نظام نہیں آسکتا جہاں ڈکٹیٹر شپ ہو، وہاں صحافت فروغ نہیں پاتی۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہماری  طرح اپوزیشن اپنی قوت کا اظہارکرتی تو نتائج کچھ اور ہوتے، مرکزی سطح پر کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) ہونی چاہیے جس میں اپوزیشن کی غلطیوں کا بھی محاسبہ کیا جاسکے۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جہاں دھاندلی سے ملک کا نظام چل رہا ہو تو وہاں بلدیاتی الیکشن کیا ہوں گے۔

مزید خبریں :