پاکستان
Time 07 جولائی ، 2020

ذوالفقار مرزا مجھ سے دو بار جیل میں ملاقات کے لیے آئے تھے، آفاق احمد

مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) حقیقی کے سربراہ آفاق احمد کا کہنا ہے کہ انھوں نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے، ذوالفقار مرزا سے ملاقات ان کے وزیرداخلہ ہونے کی بنا پر ہوئی تھی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد کا کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ سے اُن کی ساکھ متاثر کرنے کی سازش کی گئی ہے۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ  جے آئی ٹی کے مطابق سابق صوبائی وزیر داخلہ  ذوالفقار مرزا  جیل میں مجھ سے ملاقات کرنے آتے تھے،  ذوالفقار مرزا مجھ سے دو بار ملاقات کے لیے آئے تھے۔

سربراہ ایم کیو ایم حقیقی کا کہنا تھا کہ مجھ پر 25 لاکھ روپے لینے کے الزام پر دکھ ہوا، اگر جے آئی ٹی کے تحت سزائیں دینی ہیں تو عدالتیں ختم کردیں، اس جے آئی ٹی کی کوئی حیثیت نہیں، کراچی اور سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے اس سے منہ نہیں موڑا جاسکتا، سپریم کورٹ معاملے کا از خود نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھا کہ آفاق احمد کو جے آئی ٹی سے نہیں ڈرایا جاسکتا، ہم اس جے آئی ٹی سے بلیک میل نہیں ہوں گے اور نا ہی اپنے اصولوں سے پیچھے ہٹیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ، سابق چیئرمین فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی نثار مورائی اور بلدیہ فیکٹری کی جے آئی ٹی رپورٹس جاری کیں تھیں جن میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

سابق چیئرمین فشریز نثار مورائی کی جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ذوالفقار مرزا نے  آفاق احمدکو 2 بار 25،25 لاکھ روپے دیے اور ذوالفقار مرزا نے آفاق احمد کو اسلحہ بھی گفٹ کیا۔

نثار مورائی نے جے آئی ٹی کو بتایا کہ آفاق احمدکو ذوالفقار مرزا  نے7 کلاشنکوف دیں جب کہ مجھے  بھی ہتھیار تحفے میں دیے۔

مزید خبریں :