دنیا
Time 07 جولائی ، 2020

برازیل کے صدر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

برازیلی صدر متعدد بار کورونا کے خطرے کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے عام فلو قرار دے چکے ہیں،فوٹو:اے ایف پی

برازیل کے صدر جائیر بولسونارو  بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر جائیر بولسونارو نے گذشتہ روز بخار اور دیگر علامات ظاہر ہونے پر چوتھی بار اپنا ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

برازیلی صدر  متعدد بار کورونا کے خطرے  کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے عام فلو قرار دے چکے ہیں اور  ان کے ریاستی گورنروں سے لاک ڈاؤن ہٹانے یا نرم کرنے کے معاملے پر شدید اختلافات رہے ہیں۔

جائیر بولسونارو کا کہنا ہے کہ سخت لاک ڈاؤن نہیں کیا جانا چاہیے کیوں کہ یہ معیشت کے لیے اچھا نہیں ہے،گذشتہ روز انہوں نے فیس ماسک پہننے کے قوانین میں بھی نرمی کا اعلان کیا تھا۔

اپنے ایک حالیہ بیان میں برازیلی صدر نے کہا کہ ان کا بخار ختم ہوگیا ہے اور اب وہ بالکل ٹھیک محسوس کررہے ہیں۔

برازیل کی وزرات صحت کی جانب سے کووڈ 19 کا ڈیٹا چھپانے پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے جب کہ جائیر بولسونارو کا کہنا ہے کہ میڈیا صرف خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔

خیال رہے کہ برازیل  کورونا سے متاثرہ افراد اور ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر  پر ہے اور وہاں 16 لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 65 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :