پاکستان
Time 08 جولائی ، 2020

سہراب گوٹھ میں فائرنگ اور چاقو سے حملے میں ایف بی آر افسر زخمی، کزن جاں بحق

کراچی: سہراب گوٹھ میں قاتلانہ حملے میں اسسٹنٹ کمشنر  ایف بی آر زخمی جب کہ ان کا کزن جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے قریب نامعلوم ملزمان کی سرکاری گاڑی میں سوار افراد پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کی شناخت نثار مری کے نام سے ہوئی جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اسسٹنٹ کمشنر ہے جب کہ مرنے والے شخص کی شناخت مختار احمد مری کے نام سے ہوئی جو نثار مری کا کزن ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ان کی کار کا ٹائر پنکچر ہوگیا تھا اور ٹائر کی تبدیلی کے دوران 5 سے 6 ملزمان نے ان پر حملہ کیا، مختار احمد گولی لگنے سے جاں بحق ہوا جب کہ نثار احمد چاقو لگنے سے زخمی ہوا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ زخمی اسسٹنٹ کمشنر نثار احمد نے ابھی تک بیان ریکارڈ نہیں کرایا تاہم انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ان سے کچھ نہیں چھینا بلکہ آتے ہی فائرنگ کی۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

مزید خبریں :