انسٹاگرام نے بھارت میں ٹک ٹاک کی جگہ لینے کیلئے 'ریلز' لانچ کردیا

فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بھارت میں چین کی مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے بعد فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے اپنا ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی فیچر 'ریلز' متعارف کرادیا۔

انسٹاگرام نے اپنا ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی یہ فیچر 'ریلز' گزشتہ برس برازیل میں متعارف کرایا تھا جس کے بعد اسے فرانس اور جرمنی میں بھی لانچ کیاگیا۔

اس فیچر کے تحت انسٹاگرام صارفین کو ٹک ٹاک کی طرح میوزک دستیاب ہوگا جس کا استعمال کرتے ہوئے وہ 15 سیکنڈ کی ویڈیو بنا کر شیئر کر سکتے ہیں۔

اب کمپنی نے اس فیچر کو برازیل، جرمنی اور فرانس کے بعد بھارت میں اس وقت متعارف کرایا ہے وہاں کی حکومت نے بھی ٹک ٹاک سمیت 59 چینی ایپس پر پابندی لگا دی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لداخ کی گلوان وادی میں چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی درگت اور اپوزیشن کے سخت ردعمل پر بھارتی حکومت دباؤ کا شکار ہے اور اب بھارت نے عوامی غم و غصہ ٹھنڈا کرنے کے لیے چینی موبائل ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کی تھی۔

بھارتی مرکزی حکومت نے جن چینی ایپس کو بلاک کیا ان میں مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک، یوسی براؤزر، سی ایم براؤزر، بیوٹی پلس اور دیگر شامل ہیں۔

مزید خبریں :