پاکستان
Time 11 جولائی ، 2020

وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر میں بھی بوسنیا جیسی نسل کشی کے خدشے کا اظہار

وزیراعظم عمران خان نے بوسنیا کے شہر سربرینیکا میں مسلمانوں کے قتل عام کے 25 سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام میں  مقبوضہ کشمیر میں بھی اسی طرح کی  نسل کشی کے خدشے کا اظہار کردیا۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25 سال پہلے سربرینیکا میں قتل عام آج بھی صدمے کا باعث ہے، یہ دن مجھے آج بھی یاد ہے اور آج بھی صدمہ ہے کہ عالمی برادری نے یہ واقعہ کیسے ہونے دیا؟ 

انہوں نے کہا کہ  سربرینکا اقوام متحدہ کی امن فوج کی محفوظ جنت تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیری عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور 8  لاکھ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو محاصرے میں رکھا ہوا ہے لہٰذا خطرہ ہے کہ کہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی ایسا نہ ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ ضروری ہے کہ ہم اس واقعے سے سبق سیکھیں اور  عالمی برادری کو مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

خیال رہے کہ سربیا کی افواج نے 11 جولائی 1995 کو بوسنیا کے علاقے سربرینیکا میں ایک ہی دن میں 8 ہزار سے  زائد  مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا جس میں مرد ، خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :