پاکستان
Time 14 جولائی ، 2020

احسن اقبال کی وزیر اعظم کیخلاف ریفرنس بنانے کیلئے نیب کو درخواست

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے درخواست دے دی۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  نیب کا ادارہ مسلم لیگ ن کی کردار کشی کررہا ہے، مجھ پر مالی بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا گیا اور یہ نیب کے ذریعے ہم پر جھوٹے مقدمے بنانے کے لیے افسروں کو ڈرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس انتقامی ایجنڈے نے پاکستان کو فیصلہ سازی کے بدترین بحران میں دھکیل دیا ہے، نیب اور نیازی گٹھ جوڑ نے ملک پر تباہی مسلط کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کی لاگت 6 ارب روپے تھی، بے بنیاد الزامات لگا کر میری کردار کشی کی گئی، نیب جج نے اعتراف کیا مجھ پر مالی بدعنوانی کا الزام نہیں جب کہ عمران نیازی نے حکومت میں آتے ہی فوری طور پر فنڈنگ بند کردی، کروڑوں روپے کی آسٹرو ٹرف وارنٹی ختم ہونے پر ضائع ہوگئی اور نارووال اسپورٹس سٹی کا اربوں روپے نقصان کردیا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی سیاسی انتقامی کارروائی سے پاکستان کھیلوں کے منصوبے سے محروم ہوگیا، چیئرمین نیب کو ریفرنس دیا ہے قومی منصوبے کو اربوں کا نقصان پہنچنے کا مقدمہ بنائیں لہٰذا امید کرتا ہوں وہ فیس نہیں کیس دیکھیں گے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ  نیب ہماری ضمانتوں کے خلاف اپیل کے لیے دو گھنٹے میں اجلاس بلالیتا ہے لیکن نیب کو گندم چینی کا معاملہ نظر نہیں آتا؟ پی ٹی آئی عوام کی جیبوں پر 300 ارب کا ڈاکہ ڈالے، کوئی پوچھنے والا نہیں، کرپشن کا سب سے بڑا اسکینڈل بی آر ٹی پشاور میں ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف تمام ریفرنس لائیں گے، حکومت دیدہ دلیری سے کرپشن کر رہی ہے اور عمران خان کرپشن کی سب سے بڑی چھتری بن چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نیب نے 23 دسمبر 2019 کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں 25 فروری 2020 کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے احسن اقبال کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

مزید خبریں :