پاکستان
Time 16 جولائی ، 2020

سندھ میں عید قرباں پر کھالیں جمع کرنے کا طریقہ کار جاری

 قربانی کی کھالیں صرف رجسٹرڈ فلاحی تنظیمیں جمع کر سکتی ہیں، کالعدم تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی: اعلامیہ جاری. فوٹو: فائل

کراچی: حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کا طریقہ کار جاری کر دیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بغیراجازت قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے پرپابندی ہو گی ، کھالیں جمع کرنے کے لیے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی اجازت لینا لازمی ہو گا۔

اعلامیے کے مطابق قربانی کی کھالیں صرف رجسٹرڈ فلاحی تنظیمیں جمع کر سکتی ہیں، کالعدم تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سندھ بھر میں قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے لاؤڈ اسپیکر، سیاسی جماعتوں کے جھنڈے پر بھی پابندی ہو گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق عید الاضحیٰ کے دنوں میں اسلحہ لیکر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبے بھر میں ایس او پیز کے ساتھ مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزید خبریں :