دنیا
Time 16 جولائی ، 2020

ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے مینیجر کو تبدیل کردیا

فائل فوٹو: ٹرمپ، پارسکل

امریکی صدر ٹرمپ نے آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی مہم چلانے والے اپنے مینیجر کو تبدیل کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے انتخابی کیمپین مینیجر بریڈ پارسکل کو تبدیل کرنے اور 2016 میں ٹرمپ کے فیلڈ کیمپین مینیجر رہنے والے بیل اسٹیفن کو مینیجر مقرر کرنے کی تصدیق کی ہے جب کہ پارسکل کی بطور سینئر مشیر تقرری کی گئی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بریڈ پارسکل میرے ساتھ ایک طویل عرصے رہے ہیں اور انہوں نے ہمارے زبردست ڈیجیٹیل اور ڈیٹا اسٹریٹیجیز کی سربراہی کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے تصدیق کی کہ پارسکل انتخابی مہم میں شامل رہیں گے اور بطور سینئر مشیر کام کریں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس سے قبل صدر ٹرمپ کے انتہائی قریبی حلقوں نے بریڈ پارسکل پر گزشتہ ماہ اوکلاہوما میں ناقص ریلی منعقد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق بریڈ پارسکل سے متعلق کہا جاتا ہےکہ اوکلاہوما کے شہر تلسا میں صدر ٹرمپ کی ریلی ناکام ہونے پر حالیہ ہفتوں میں انہوں نے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

امریکی صدر کی صاحبزادی ایوانکا اور وائٹ ہاؤس میں مشیر ان کے شوہر نے بھی بریڈ پارسکل پر ناکامی کا الزام لگایا تھا۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہے بریڈ پارسکل نے دعویٰ کیا تھا کہ ریلی میں شرکت کے لیے تقریباً ایک ملین افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے لیکن مقامی حکام کےمطابق ریلی میں 6 ہزار کے قریب افراد شریک ہوئے۔

پارسکل نے ناکام ریلی پر ٹوئٹر کے ذریعے الزام لگایا تھا کہ ریلی میں شرکت کے لیے سیکیورٹی گیٹ بند کردیے گئے تھے جب کہ انہوں نے میڈیا اور مظاہرین کو بھی ریلی میں ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بریڈ پارسکل نے 2016 کے انتخابات ووٹ بھی نہیں ڈالا تھا جس پر انہوں نے پوسٹل بیلٹ نہ ملنے کی شکایت کی تھی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق بریڈ پارسکل ٹرمپ کے چوتھے کیمپین مینیجر تھے جب کہ ان کے متبادل بیل اسٹیفن نیو جرسی کے سابق گورنر کرس کرسٹی کے قریبی ساتھی تھے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ تجزیوں سے یہ بات واضح ہورہی ہے کہ صدر ٹرمپ نومبر میں ہونے والے الیکشن میں اپنے ڈیموکریٹک حریف جوبائیڈن سے سخت مقابلہ کررہے ہیں۔

مزید خبریں :