کیا بڑھاپے میں کم عمر نظر آنا چاہتی ہیں؟

فوٹو:فائل

ورزش صحت کے لیے بہت اہم ہے لیکن بہت سی خواتین ورزش تو کرتی ہیں مگر چہرے کے مسلز فراموش کر دیتی ہیں اس لیے بڑھتی عمر کے ساتھ مسلز کی ورزش ضرور کریں اس سے آپ نہ صرف چہرے کی تازگی بر قرار رکھیں گی بلکہ بڑھتی عمر کی چھاپ بھی نہیں پڑے گی۔

بس صرف چند منٹ روزانہ درج ورزش کے لیے وقت نکال لیں تو چند ہفتوں میں خود محسوس کریں گی کہ بڑھتی عمر کے اثرات کافی حد تک کم ہو گئے ہیں۔

ذیل میں ہم آپ کو چہرے کے مسلز کی ورزش کرنے کے چند آسان اور آزمودہ طریقے بتا رہے ہیں ،انہیں آزمائیں بڑھاپے میں بھی جوان نظر آئیں۔

فوٹو:فائل

چہرہ

منہ کے اردگرد موجود مسلز کو مضبوط بنانے کے لیے منہ کو ہلکا سا گولائی میں جس حد تک منہ کھول سکتی ہیں کھولیں، اس عمل کو تین چار بار دہرائیں۔

آنکھیں

آنکھوں کو ریلیکس رکھنے کے لیے یہ آسان سی ورزش کریں، پہلے سر کو سیدھا کرلیں ،پھر جس طرح گھڑی کی سوئیاں چلتی ہیں، ا س طرح آنکھوں کو گھمائیں، خیال رہے سربالکل ساکت رہے، اب آنکھیں نیچے جھکاکر اور چاروں جانب گھمائیں۔ ا س عمل کو بھی تین چار بار دہرائیں۔

گردن

گردن اور ٹھوڑی کے مسلز کے لیے نچلے دانتوں کو آگے کی طرف کرکے منہ بند کر لیں۔اب گردن پیچھے کی طرف کرکےکاندھے ڈھیلے چھوڑ دیں پھر نچلے ہونٹ کوآگے کی طرف کرتے ہوئے نچلے جبڑے کو اوپر نیچے کریں ۔اب چہرہ مکمل طور چھت کی طرف کرلیں، اسی حالت میں اپنے عقب میں موجود فرش کودیکھنے کی کوشش کریں۔ اس ورزش کو تین چار بار کریں ۔

کاندھے

یہ ورزش بستر پر لیٹ کر کرنا کافی آسان ہو گا۔گردن کے عقبی حصے میں ہونے والے درد سے نجات کے لیے کاندھے ڈھلکالیں، سر آگے جھکالیں، بازو اور ہاتھوں کو بھی جس حد تک آرام دہ پوزیشن میں لاسکتی ہیں لے آئیں، پھر سر اوپر کی طرف کر کے کاندھے سیدھے کرلیں، سرا ور کاندھوں کو پیچھے کی طرف گرا کر اس ورزش کو دہرائیں۔

سب سے پہلے آرام دہ حالت میں بیٹھ جائیں پھر کاندھے اور گردن کے پٹھوں کو بھی ریلیکسنگ پوزیشن میں لے آئیں پھر بائیں کاندھے کو کان کی سمت میں اوپر کی جانب اُچکائیں۔ اب کاندھے دائرے کی صورت میں حرکت دیں، دائرے کی حرکت تبدیل کر کے دوبارہ بڑا سا دائرہ بنالیں اب دائیں کاندھے کے ساتھ بھی یہی کریں، اس عمل کو جتنی بار دہرا سکتی ہیں ،دہرائیں ۔

موٹی گردن

کھلی ہوا میں بالکل سیدھی کھڑی ہوجائیں، پاؤں بھی تنے رہیں، دونوں ہاتھوں کوپیچھے کرکے قریب لے جائیں،  اب گردن سیدھی کریں اور دھیرے دھیرے گہرا سانس کھینچتے ہوئے سر کو بائیں کاندھے کی طرف موڑیں، اس طرف اپنا چہرہ تب تک رکھیں جب تک آپ ایک سے پانچ تک گنتی نہ گن لیں۔

اس دوران سانس روکیں، چند سیکنڈ بعد دھیرے دھیرے سانس چھوڑتے ہوئے چہرے کو سامنے کی طرف لائیں، اسی طرح دھیرے دھیرے دائیں طرف منہ موڑیں اور پھر سامنے لے آئیں۔ اس طرح آگے پیچھے کی طرف بھی کیا جاسکتا ہے۔ یہ ورزش روزانہ دس پندرہ منٹ کرنے سے آپ کی گردن سڈول اور صراحی دار ہوجائے گی ۔

جھریاں

چہرے پر جھریاں پڑنے کی سب سے بڑی وجہ خشک جلد اور غذا میں عدم توازن ہے۔ غذا ایسی کھائیں جس میں تمام وٹامن، کیلشیم اورپروٹین شامل ہوں، یہ جلد کو تروتازہ رکھتے ہیں۔عموماً خواتین پانی کا کم استعمال کم کرتی ہیں ۔ پانی زیادہ سے زیادہ پئیں اس سے جلد چمکدار اور خوبصورت ہو تی ہے، چہرے پر موسچرائزر کا استعمال بھی باقاعدگی سے کریں۔

عرق گلاب میں چند قطرے گلیسرین یاشہد ملا کر لگائیں، یہ بہترین مو سچرائرز ہے ۔ایک چائے کا چمچہ لیموں کے عرق میں چند قطرے شہد ملا کر چہرے پر لگانے سے جھریاں کم ہوجاتی ہیں۔ ذیل میں چند ورزشیں کرنے کا طر یقہ بتا رہے ہیں ۔انہیں کرنے سے پہلے چہرے پر دودھ ،کریم یا موسچرائرز ضرور لگائیں ۔

٭ اپنا جبڑا دائیں ،بائیں گھمائیں، جہاں تک ممکن ہو، اسے جتنا گھماسکتی ہیں ،گھمائیں ۔یہ ورزش لٹکی ہوئی ٹھوڑی کے لیے بہترین ہے۔

٭ اپنے ہونٹوں کو اندر سکیڑ کر منہ کھولیں ۔ہونٹوں کو دانتوں کے دائیں بائیں کھینچیں۔اس انداز میں رہتے ہوئے اپنا منہ کھولتی اور بند کرتی رہیں ،ایسے جیسےگویا آپ بغیر دانتوں کے چبار ہی ہیں ۔اس سے بالائی ہونٹ کی لکیریں سمٹتی جائیں گی۔

٭ آنکھیں خوب ذور سے بند کرکے ہونٹ بند کریں ۔ایک لمحے بعد بھنوؤں کو حرکت دیں، پھر آہستہ آہستہ آنکھیں کھول لیں۔ اس ورزش سے آنکھوں کے اطراف کے عضلات مستحکم ہوتے ہیں اور آنکھوں کے کونوں کی جھریاںآہستہ آہستہ ختم ہوجاتی ہیں ۔

٭ دونوں ہاتھ چہرے پر رکھ کرہاتھوں کوحرکت دیے بغیر انگلیوں سے آنکھوں کے نیچے کے عضلات کو کھینچیں اور پھر ڈھیلا چھوڑ دیں ۔اپنے انگوٹھوں کو آنکھوں کے نیچے یعنی گال کی ہڈی پر ہلکے دباؤ کے ساتھ گھمائیں ،ا س سے آنکھوں کے اطراف دوران خون میں اضافہ ہوگا ۔

٭ ایک یاتمام انگلیاں چہرے پر دباؤ کے ساتھ پھیریں، جب بھی چہرے میں کشیدگی یادکھن محسوس ہو تویہ عمل دہرائیں ۔

٭ ہونٹ سکیڑ کر جتنا ممکن ہو مچھلی جیسامنہ بنا کر زبان باہر نکالیں ۔ا س کے ساتھ آنکھیں زور سے بند کریں اور اپنے گال اندر کی طرف کھینچ لیں ۔اس ورزش سے پورے منہ کے عضلات تن جائیں گے۔

ان ورزشوں سے چہرے کی جھریاں مکمل نہیں تو بہت حد تک کم ہوجائیں گی ۔وہ خواتین جن کے چہرے پر زیادہ عمر کی وجہ سے جھریاں پڑ گئی ہیں ان ورزشوں پر عمل کرکے کم عمر نظر آسکتی ہیں ۔

مزید خبریں :