پاکستان
Time 29 جولائی ، 2020

کورونا کے باعث بیرون ملک سے واپس آنے والوں کو قرضے فراہم کیے جائیں گے

کورونا کے باعث بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کی بحالی کےلیے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

اسلام آباد میں بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کی دوبارہ بحالی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقار بخاری اور جرمن سفیر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت جرمنی اوورسیز پاکستانیز کی بحالی کے لیے 3 ملین یورو امداد دے گا اور  بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے قائم سہولتی مرکز کو تکنیکی معاونت دی جائے گی۔

 اس موقع پر جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ جرمنی پاکستانیوں کو دوبارہ ملازمتوں کے حصول میں مدد دے گا، پاکستانیوں کی تکنیکی ٹریننگ میں جرمنی مدد کرے گا اور  نوجوانوں کو ہوٹلنگ اور سیاحت کے شعبے میں ٹریننگ دی جائے گی جب کہ انہیں جرمن زبان کا کورس بھی کروایا جائے گا۔

معاون خصوصی ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ملازمتیں کھونے والے پاکستانیوں کو چھوٹے کاروباری قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

پاکستانیوں کی بحالی کے لیے یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے،جرمنی کی 3 ملین یوروز کی امداد تکنیکی ٹریننگ اور کاروبار میں آسانی کے لیے استعمال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  کورونا کی وجہ سے ملازمتیں کھونے والے پاکستانیوں کی مدد کی جائے گی اور بیرون ملک سے آنے والوں کو چھوٹے کاروباری قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :