پاکستان
Time 30 جولائی ، 2020

کراچی میں بارش کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوج طلب

حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو کراچی بھیجنے کے لیے وفاقی کابینہ سے ہنگامی منظوری لے لی۔

این ڈی ایم اے اور فوج کو کراچی بھیجنے کے لیے کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔

کابینہ کی منظوری کے بعد کراچی میں فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کو طلب کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کو بارش کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کےلیے طلب کیا گیا۔

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کے حکام کراچی آئے ہیں، وزیر آعظم نے سمری پر دستخط کردیے ہیں، وفاق کی 100 فیصد توجہ اب کراچی پر مرکوز ہو گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو کراچی جانے کی ہدایت کی تھی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت کی ہے اور انہیں بارشوں کے بعد کراچی کی صفائی کاٹاسک دیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارش کے بعد بیشتر سڑکوں کو نالوں کا گندا پانی جمع ہے جبکہ اہم شاہراہوں پر متعدد مقامات پر سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید خبریں :