پاکستان
Time 30 جولائی ، 2020

غربت کے باعث سندھ کا احساس پروگرام میں حصہ بڑھادیا ہے، ثانیہ نشتر

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ غربت کے باعث سندھ کا احساس پروگرام میں حصہ بڑھا کر 31 فیصد کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ سندھ کو احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں 31 فی صد حصہ ملا ہے جب کہ 2017 کی مردم شماری کے مطابق سندھ کا حصہ 22.45 فیصد بنتا تھا۔

مزید پڑھیں

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ سندھ میں شاید غربت زیادہ ہے یا لاک ڈاؤن سخت تھا، سندھ میں غربت کے باعث ان کا احساس کیش پروگرام میں حصہ بڑھایا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پنجاب کا مردم شماری کے مطابق شئیر 51.57 فیصد تھا لیکن اسے 43.18 فیصد دیا گیا جب کہ خیبر پختونخوا کو پروگرام میں شئیر 17.93 فیصد دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے پہلے ملک بھر میں 24 فیصد لوگ غربت کی سطح سے نیچے زندگی بسر کررہے تھے، کورونا کے باعث اب سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کا دوبارہ سروے کیا جارہا ہے،پاکستان میں 24 ملین گھر کے سربراہ غیر رسمی شعبے میں کام کرتے ہیں، لاک ڈاؤن کے باعث غیر رسمی شعبوں میں کام کرنے والے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

چیئرپرسن احساس پروگرام کا کہنا تھا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے رپورٹ مرتب کی گئی ہے، احساس کیش پروگرام مکمل ڈیجیٹل تھا، اس میں مداخلت نہیں تھی، فیصلہ سازی میں ڈیٹا کا استعمال کیا گیا، اس لیے اس پروگرام میں عالمی سطح پر بھی دلچسپی پائی گئی ہے۔

مزید خبریں :