پاکستان
Time 31 جولائی ، 2020

شربت فروش ہونہار طالب علم کیلئے وظیفے کا اعلان

میٹرک میں نمایاں نمبرز لینے والے غریب طالب علم حذیفہ کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے وظیفے کا اعلان کردیا گیا۔

حذیفہ نے گذشتہ سال میٹرک سائنس میں 95 فیصد نمبر حاصل کیے تھے، وہ پانچ سال سے شربت کے ٹھیلے پر کام کررہا ہے ، بیوہ ماں اور چار بہن بھائيوں کا واحد کفیل ہے۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ملتان کے محنت کش طالبعلم حذیفہ کے لیے وظیفے کا اعلان کردیا۔ پروفیسر اصغر زیدی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی فیس اور ہاسٹل کے اخرجات بھی برداشت کرےگی۔

ملتان کے طالب علم حذیفہ نے میٹرک میں 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کر کے ملتان بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی تھی۔

حذیفہ کے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور وہ گذشتہ 5 سال سے شربت کی ریڑھی پر کام کر کے اپنی والدہ اور چار بہن بھائیوں کی کفالت کا بوجھ اٹھارہا ہے۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کا کہنا ہےکہ حذیفہ جیسے بچے دیگر طلبہ کے لیے رول ماڈل ہیں، تعلیم کے معاملے میں ہر طرح کی سپورٹ کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان کے ایک تاجر نے بھی حذیفہ کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔ 

مزید خبریں :