کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا، شہریوں کی نیندیں حرام

فوٹو فائل—

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 10 گھنٹے تک جا پہنچا اور رات گئے بھی  لوڈ مینجمنٹ کے نام پر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جب کہ کچھ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر رات کے اوقات میں بھی بجلی کی فراہمی بند کر دی جاتی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں رات 2 بجے سے 5 بجے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے شہریوں کی نیندیں بھی حرام ہوگئی ہیں۔

ادھر کے الیکٹرک نے صارفین کو بجلی بندش سے متعلق میسجز بھیجنا شروع کر دیے ہیں جس میں صرف بجلی کا کام ہونے کی تسلی دی جاتی ہے۔

شہریوں کا شکوہ ہے کہ کے الیکٹرک فالٹ اور لوڈ مینجمنٹ کے نام پر بجلی بند کر رہی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر بھر میں کسی قسم کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ پر شیڈول کے مطابق مرمتی کام کیا جا رہا ہے لیکن لوڈ شیڈنگ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم کچھ مستثنیٰ علاقوں میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق صارفین کی سہولت کے لیے لوڈشیڈنگ کا شیڈول ویب سائٹ پر موجود ہے۔

خیال رہے کہ نیپرا کی تحقیقاتی ٹیم نے رپورٹ میں لوڈ شیڈنگ کی مکمل ذمہ داری کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک پر عائد کی ہے اور نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

مزید خبریں :