دنیا
Time 06 اگست ، 2020

امریکی ارکان کانگریس کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

ارکان کانگریس نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے اب تک وادی میں حالات معمول پر نہیں آئے،فوٹو:فائل

امریکی ارکان کانگریس نے بھارتی حکومت کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر میں عائد غیر قانونی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ایلیٹ اینجل اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے سابق چیئرمین مائیکل میک کال نے  مقبوضہ وادی میں پابندیوں کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو خط لکھا ہے۔

 ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کے اہم ارکان نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے اب تک وادی میں حالات معمول پر نہیں آئے۔

خط میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی آزادیوں اور جمہوری اقدار پر عمل یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ  بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے لیکن اب تک مقبوضہ وادی عملی طور پر لاک ڈاؤن کی صورت حال میں ہے۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق مقبوضہ وادی میں اظہار رائے کی آزادی، معلومات اور صحت کی سہولتوں کا شدید فقدان ہے، اس کے علاوہ کورونا وبا نے وادی کے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ بھارت نے غیر انسانی پابندیاں عائد کرکے مقبوضہ کشمیر میں  بچوں اور بزرگوں سمیت سیکڑوں نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کررکھا ہے۔

مزید خبریں :