'باہمی معاونت کا بل پاکستان کو ہمیشہ کیلئے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کا غلام بنا دیگا'

جماعت اسلامی نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاس ہونے والے میوچل لیگل اسسٹنٹس کریمنل بل کو مسترد کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا حکومت کے پاس کردہ باہمی معاونت کے بل پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ بل پاکستان کو ہمیشہ کے لیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دینے کے لیے پاس کیا گیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بل پاس کرانے میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی کی طرح حکومت کے لیے خاموش سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی دباﺅ پر قانون سازی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے، حکومت نہ مشاورت کرتی ہے اور نہ ہی رائے عامہ کا احترام کیا جاتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ بڑی پارٹیوں کے ساتھ کچھ لو اور کچھ دو کا معاملہ کر کے معاملات طے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے چند ڈالرز کے عوض ملکی آزادی اور خود مختاری کا سودا کیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم آزاد ملک کے آزاد شہری ہیں اور اپنی آزادی اور خود مختاری کا تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بل کے تحت پاکستانی شہری دوسرے ملکوں کے حوالے کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں میوچل لیگل اسسٹنٹس کریمنل بل کثرت رائے سے منظور کروایا تھا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بل کی حمایت میں ووٹ ڈالے تھے۔

مزید خبریں :