جس راستے نے ایٹمی طاقت بنایا وہی راہ اپنائی تو کشمیر بنے گا پاکستان، شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جس راستے نے ایٹمی طاقت بنایا وہی راہ اپنائی تو کشمیر بنے گا پاکستان اور جلد بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کسی جادو ٹونے یا لمبی لمبی باتیں چھوڑنے سے آزاد نہیں ہو گا، اس کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی، معاشی اور سیاسی طور پر مستحکم ہونا ہو گا اور عالمی سطح پر بہتر سفارتکاری کرنا ہوگی۔ 

آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے  خطاب کیا اور کہا کہ بھارت نے کشمیر کو 72 سال سے لاک ڈاؤن میں رکھا ہے، پانچ اگست کا واقعہ خطے کا بہت بڑا سانحہ ہے۔

جس راستے نے ایٹمی طاقت بنایا وہی راہ اپنائی تو کشمیر بنے گا پاکستان اور جلد بنے گا

انہوں نے کہا کہ  مودی نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کا قاتل ہے، نواز شریف نے بھارت کے دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا۔

صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل ہے، نہتے کشمیریوں پر ظلم روکنا پوری دنیا کیلئے چیلنج ہے، مودی نےکشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ کرکے پوری دنیا کو چیلنج دیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہمیں سفارتی سطح پر بھارت کودنیا میں بے نقاب کرنا ہوگا، صرف لفاظی نہیں بلکہ عملی اقدامات سےکشمیر کیلئےجدوجہدکرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا خطے میں امن کی ضمانت ہے، حکومت سے اختلافات کے باوجود ہم کشمیر پر متحد ہیں، اس عہد کو دہرانا چاہتا ہوں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،اگر ہم نے کشمیریوں کا ہاتھ چھوڑا توکوئی معاف نہیں کرے گا۔

شہبازشریف نے کہا کہ سید علی گیلانی، یاسین ملک ،آسیہ اندرابی کو سلام پیش کرتا ہوں، جنگ دوم میں شکست کھانے والی قومیں 60 سال میں اپنی ترقی کا سکہ جماسکتے ہیں، کسی جادو ٹونے سے نہیں جاپان، جرمنی نے مسلسل قربانی، محنت کو اپنا شعار بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن آئے گا جب کسی مصالحت کی ضرورت نہیں ہوگی اور کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان عالم اسلام کا ستارہ تھا لیکن خطے کے چھوٹے ممالک ہم سے آگے نکل گئے، ہم ایک ایٹمی طاقت ہیں اور دیگر ممالک ہم سے آگے نکل گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس راستے نے ایٹمی طاقت بنایا وہی راہ اپنائی تو کشمیر بنے گا پاکستان اور جلد بنے گا۔

مزید خبریں :