وزیراعلیٰ بلوچستان کا واسو کو 3 لاکھ کا امدادی چیک، گھر بھی دینے کا وعدہ

بلوچستان کے لوک فنکار واسو نے گلوکار شہزاد رائے کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واسو کو 3 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا اور گھر دینے کا بھی وعدہ کیا۔

فنکار واسو کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں گھر کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا ہے، بیماری کی وجہ سے میرے مالی حالات خراب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد رائے کی کوششوں سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات ہوئی، شہزاد رائے نے جعفر آباد میں مکان لے کر دیا تھا اور میرے بیٹے کو ملازمت پر لگوایا تھا لیکن سیلاب کے باعث مجھے مکان فروخت کرنا پڑا اور بیماری کی وجہ سے بیٹے کی ملازمت نہ چل سکی۔

شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ واسو میرا بھائی ہے، میں اس کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے لوک فنکار واسو کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ایک بحث شروع ہوگئی تھی۔ 

شہزاد رائے نے 2011 میں ایک ٹی وی پروگرام 'واسو اور میں' شروع کیا تھا جس سے واسو خان نے شہرت حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :