لاہور میں تقریب کے دوران ٹائیگر فورس کے جوان کھانے پینے کی اشیاء پر ٹوٹ پڑے

لاہور میں ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور کی شجرکاری تقریب میں تقریر کے دوران ٹائیگر فورس  کے جوانوں نے بد نظمی کا مظاہرہ کیا اور کھانے پینے کی اشیاء پر دھاوا بول دیا۔

ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر لاہور کے جلو پارک میں ہونے والی شجر کاری کی تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر جنگلات سبطین خان نے  پودا لگایا۔

تقریب  میں گورنر پنجاب کی تقریر کے دوران ٹائیگر فورس کے جوانوں نے کورونا کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر کو بالائے طاق رکھ دیا اور ضابطہ کار(ایس او پیز) کو مکمل نظر انداز کردیا۔

 ٹائیگر فورس کے جوان کھانے پینے کی اشیاء کو دیکھ کر قابو سے باہر ہوگئے اور بدنظمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوٹ پڑے۔

دوسری جانب  شادمان مارکیٹ پارک میں ہونے والی تقریب میں سیکیورٹی اہلکاروں نے  ممبر صوبائی اسمبلی عظمٰی کاردار کو وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ کھڑے ہونے سے روک دیا۔

خیال رہے کہ پارٹی قیادت کے خلاف بیانات پر عظمیٰ کاردار کی بنیادی پارٹی رکینت ختم کردی گئی ہے  اور ان سے اسمبلی کی نشست سے بھی مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے۔

مزید خبریں :