'کے پی ٹی میں 394 آسامیوں کے اشتہار میں کراچی والوں کیلئے ایک بھی آسامی نہیں'

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)  میں 394 آسامیوں کے اشتہار پر تنازع کھڑا ہوگیا،وزارت بحری امور نے معاملہ طے ہونے تک بھرتیاں روکنے کی ہدایت کردی۔

کراچی میں واقع بندرگاہ کے انتظام و انصرام  کے ادارےکے پی ٹی کی جانب سے 394 آسامیوں کے لیے اشتہار دیا گیا تھا جس میں کراچی کے ڈومیسائل کے لیے ایک آسامی بھی نہیں ہے۔

کے پی ٹی کی جانب سے دیے گئے اشتہارکے مطابق مختلف ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل آسامیوں کے لیے کراچی کا ڈومیسائل رکھنے والا درخواست کا اہل نہیں ہے۔

اشتہار کا تنازع کھڑا ہونے پر وفاقی وزارت بحری امورنے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کے پی ٹی سے ملازمین کےکوٹے کی تفصیلات طلب کرلیں۔

 وزارت بحری امور کا کہنا ہے کہ بتایا جائے کہ کے پی ٹی نےکوٹے کااندازہ کیسے لگایا ہے؟

 وزارت بحری امور کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ کوٹے کا معاملہ طے ہونے تک بھرتیاں نہ کی جائیں۔

اس سے قبل اشتہارپر تنقید کے بعد کے پی ٹی ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ میں سندھ اربن ڈومیسائل کے افراد پہلے ہی زیادہ ہیں اور سندھ اربن کا 7 فیصد کوٹہ ہے لیکن بھرتیاں 60 فیصد ہیں۔

 ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر 2012ء میں ہونے والی 3000 ہزار بھرتیوں کو ہٹائیں تو بھی سندھ اربن کوٹہ زائد ہے۔

مزید خبریں :