ملک بھر میں بازار اور ریسٹورینٹس کھل گئے،شہریوں نے احتیاطی تدابیر ہوا میں اڑادیں

 قومی رابطہ کمیٹی ( این سی سی) کے فیصلے کے تحت آج سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی ہے تاہم شہریوں کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے ضابطہ کار (ایس او پیز ) پر بالکل عمل نہیں کیا جارہا۔

کراچی، لاہور،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں بازار اور شاپنگ مالز کھل گئے ہیں جب کہ ریسٹورینٹ، کیفے اور سینما کھولنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود پہلے ہی دن شہریوں نے احتیاطی تدابیر ہوا میں اڑادیں اور مارکیٹوں میں خواتین اور بچوں کا رش لگ گیا۔

بازاروں میں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے والے ڈھونڈنے سے بھی نظر نہ آئے اور ماسک لگانے والوں کی تعداد بھی انتہائی کم رہی۔

بڑے ریسٹورنٹس اور فوڈ کورٹس میں میزوں پر سماجی فاصلہ نظر آیا،لیکن ڈھابوں پر کھانے پینے کے شوقین افراد نے سب کچھ حلوہ پوری، نہاری اور چائے کے شوق میں بھلادیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج بھی کورونا سے مزید 13 اموات ہوئی ہیں اور 435 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا تاہم اب کیسز میں کمی کے بعد بتدریج مختلف شعبوں کو کھولا جارہا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) نے خبردار کیا ہے کہ محرم الحرام میں کورونا سے متعلق ضابطہ کار(ایس اوپیز) پر عمل نہ کرنے سے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔

مزید خبریں :