35 سال تک ملک کو لوٹنے والے واجب القتل ہیں: غلام سرور

وفاقی وزیربرائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ اتنا ظلم ہلاکو اور چنگیز خان نے نہيں کیا جتنا دو جماعتوں نے کیا ہے،35 سال تک ملک کو لوٹنے والے واجب القتل ہیں۔

ٹیکسلا میں قائم لیبر کمپلیکس کے 504 فلیٹس کے ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ 35 سال سے ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے، ملک میں مافیا کام کررہی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے۔

 غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دو سال انتہائی مشکل سے گزارے ہیں، سابقہ حکومت جاتے ہوئے ملک کو دیوالیہ کرگئی،ان بددیانتوں اور بدکرداروں نے جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا ہے، قوم کے لیے آج بھی چور ڈاکو ہیرو اور ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔

وفاقی وزیربرائے ہوا بازی کا کہنا تھا کہ سب کا احتساب ہونا چاہیے، مہنگائی اور چینی وگندم کے بحران میں کاروباری مافیا کا اہم کردار ہے، سندھ میں چینی کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندازوی کی جاتی ہے۔

غلام سرور خان نے بتایا کہ 760 جعلی ڈگری والے ملازمین کو فارغ کرچکے ہیں جس میں 28 پائلٹس کے لائسنس منسوخ کرکے نکال چکے ہیں۔

مافیا کابینہ میں دائيں اور بائيں موجود ہے: مریم نواز

غلام سرور کے بیان پر  ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہاکہ یہ دہشت گرد حکومت ہے اور مافیا اس وقت کابینہ میں دائيں اور بائيں موجود ہے۔

 مریم اورنگزیب کا کہناتھا کہ جن پر یہ الزام لگا رہے ہیں ان کے دور میں روزگار تھا ،آٹاچینی دستیاب تھا،اب عوام کے گھر میں روٹی ہے نہ روزگار ہے، مافیا نے عوام کا آٹا چینی تک چوری کرلیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے نیئر بخاری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ غلام سرور خان تو اس عرصے میں خود بھی پیپلز پارٹی کا حصہ تھے تو وہ خود کو واجب القتل قرار دے رہے ہيں۔

مزید خبریں :