کاروبار
Time 07 ستمبر ، 2020

معیشت کو کورونا کے نقصان سے نکلنے کیلئے 3 سے 4 ماہ لگیں گے: حفیظ شیخ

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد کورونا وائرس کے بعد ایکسپورٹس بڑھنا شروع ہوئی اور ایف بی آر کے ٹیکس محاصل بہتر ہوئے ہیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان ایشیا کی بہترین مارکیٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے مسائل سب جانتے ہیں، لیکن ہمیں بہترین ٹیم کو اکٹھا کرنا ہے، پاکستانی معیشت کو بہتر کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے آلات لا رہے ہیں۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ اداروں کو خودمختاری دینا چاہتے ہیں، بجٹ کو حکومتی اخراجات کم کرنے کے باوجود بڑھایا گیا، حکومت بجلی،گیس، ٹیوب ویل اور کھاد پرسبسڈی دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی 72 گھنٹوں میں ادائیگی نہ ہو تو مجھ سے رابط کریں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ شرح تبادلہ پالیسی درست کرنے کی وجہ سے حکومت پر تنقید ہوئی، کورونا وائرس کے بعد ایکسپورٹس بڑھنا شروع ہوئی اور ایف بی آر کے ٹیکس محاصل بہتر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھوٹے گھروں کی تعمیر کے لیے 30 ارب روپے رکھے ہیں، احساس پروگرام میں 100 ارب روپے اضافی غریب افراد کے لئے دیے گئے، احساس پروگرام کے ذریعے ایک کروڑ 60 لاکھ گھرانوں کو پیسے دیے، اور کورونا کے باعث ایک ہزار 240 ارب کا ریلیف پیکیج دیا گیا۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ معیشت کو کورونا کے نقصان سے نکلنے کے لیے مزید 3 سے 4 ماہ لگیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مل کر کام کریں گے اور ملکی معیشت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ لیں گے، پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی مارکیٹ ڈھونڈیں، ہم سب مل کر پاکستانی عوام کی توقعات پوری کریں گے۔