دنیا
Time 19 ستمبر ، 2020

برطانوی وزیر خارجہ کا باڈی گارڈ اپنا اسلحہ طیارے میں بھول گیا

پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں غفلت برتنے پر ڈومینیک راب کے باڈی گارڈ کو معطل کر دیا گیا،فوٹو:فائل

برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب کا باڈی گارڈ (محافظ) اپنا پستول طیارے میں ہی بھول گیا جس پر اسے معطل کردیا گیا۔

 برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا سے برطانیہ واپسی کی پرواز میں لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر طیارے سے اترتے وقت ڈومینیک راب کی حفاظت پر مامور ان کا باڈی گارڈ پاسپورٹس کو سنبھالتے ہوئے اپنا پستول ہولسٹر سمیت سیٹ پر ہی بھول گیا اور جہاز سے نیچے اتر آیا۔

رپورٹ کے مطابق یونائٹیڈ ائیر لائنز میں صفائی پر مامور شخص کو جہاز کی صفائی کے دوران ایک نشست سے ہولسٹر سمیت لوڈڈ پستول ملا جس پر اس نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کیا۔

پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں غفلت برتنے پر ڈومینیک راب کے باڈی گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اسلحے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جہاز پر پہنچ گئی اور اسلحے کی نشاندہی ہونے پر اسے  ڈومینیک راب کی سیکیورٹی پر مامور ایک افسر کے حوالے کردیا گیا۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے سے آگاہ ہے اور اسے سنجیدگی سے لیا جاریا ہے۔

مزید خبریں :