کاروبار
Time 21 ستمبر ، 2020

اسٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان، فی تولہ سونا 200 روپے سستا ہوگیا

 دو سور وپےکمی کے بعد ملک میں ایک تولہ سونےکی قدر ایک لاکھ 14ہزار 700 روپے ہوگئی ہے،فوٹو:فائل

ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں200 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں بھی منفی رجحان رہا۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق دو سور وپےکمی کے بعد ملک میں ایک تولہ سونےکی قدر ایک لاکھ 14ہزار 700 روپے ہوگئی ہے۔

10گرام سونے کی قدر 171روپےکم ہوکر 98 ہزار337 روپے ہے جب کہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر 21 ڈالر کم ہوکر ایک ہزار 932 ڈالر فی اونس ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کے اعلان سے قبل سرمایہ کاری منفی رجحان میں رہی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 330 پوائنٹس کمی سے 42  ہزار 174 پر بند ہوا۔

 کاروباری دن میں اسٹاک مارکیٹ میں 43 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 11 ارب روپے سے زائد رہی جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 53 ارب روپے کم ہوکر7 ہزار 892 ارب روپے ہوگئی ہے۔

ادھر انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر 46 پیسے مہنگا ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قدر 166 روپے 29 پیسے رہی۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 20 پیسے اضافہ ہوا،جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 166 روپے 40 پیسےکا ہوگیا۔