پاکستان
Time 22 ستمبر ، 2020

تمام صوبے ایک ہی وقت میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے تو بہتر ہوتا: شفقت محمود

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تمام صوبے ایک ہی وقت میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے تو بہتر ہوتا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کی۔

اس دوران شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کئی اسکول اس لیے بند کیے گئے کیوں کہ انہوں نے ضابطہ کار پر عمل نہیں کیا، اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا کیسز میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی مشاورت کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، بہتر ہوتا تمام صوبے ایک ہی وقت میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کرتے تاہم صوبہ سندھ نے مزید ایک ہفتہ نظرثانی کے لیے مانگا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں اسکول کھلنے کے بعد گزشتہ ہفتے میں کورونا کیسز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی اور کورونا کیسز کی شرح میں پہلے سے زیادہ اضافہ نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایاکہ کورونا کی صورتحال دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کو کل سے کھولا جائے گا۔

معاون خصوی نے والدین اور اساتذہ سے گزارش کی کہ بچوں میں ماسک کے استعمال کویقینی بنائیں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کل سے ملک بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز کیلئے اسکول کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ این سی او سی نے نویں دسویں اور بڑی جماعتوں کو 15 ستمبر سے جب کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے اسکولوں کو 22 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم حکومت سندھ نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر دوسرے مرحلے کے تحت 22 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا تھا۔

مزید خبریں :