پاکستان
Time 23 ستمبر ، 2020

ایون فیلڈ ریفرنس: مریم نواز کی اپیل پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی اپیل پر  سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں  مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

مریم نواز کی جانب سے ان کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ 

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ احتساب عدالت کے اسی فیصلے کے خلاف نوازشریف کی اپیل بھی زیرسماعت ہے، نوازشریف کی حاضری کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، پہلے اس معاملے کو دیکھ لیں پھر ایک ساتھ اپیلوں پر سماعت کر یں گے۔

عدالت نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب مریم نواز کی پیشی کے موقع پر لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی عدالت پہنچی۔

عدالت میں داخلے سے روکنے پر کچھ ارکان اور پولیس میں گرما گرمی بھی دیکھی گئی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو 7 سال قید اور جرمانے اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 ستمبر 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی گئی سزا معطل کرتے ہوئے تینوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :