پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2020

کراچی میں پولیس کو پولیس کی ضرورت کیوں پڑگئی؟

فائل فوٹو

کراچی میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں پولیس کو بھی پولیس بلانا پڑ گئی۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں کے مطابق ٹریفک پولیس کو راشد منہاس روڈ پر مددگار 15 کی ضرورت اس وقت پڑی جب غلط سمت آنے والی نجی گاڑی کو روکا گیا جس کے کالے شیشے، پولیس لائٹس اور اس میں وردی کے بغیر نجی سیکیورٹی گارڈ تھا، گاڑی میں موجود بااثر نوجوانوں نے ٹریفک اہلکاروں سے مبینہ بدتمیزی کی۔

اہلکاروں نے بتایا کہ ٹریفک ایس او نے نیچے اترنے کا کہا تو بھی نوجوانوں نے گاڑی سے اترنے سے انکار کردیا جس پر ٹریفک پولیس کو مددگار 15 کی مدد لینا پڑی، پولیس کی مدد سے گاڑی اور نوجوانوں کو فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے منتقل کیا گیا۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں نے متعدد چالان کرکے گاڑی فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے کے حوالے کی تاہم فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا تھانے نے گاڑی اور نوجوانوں سب کو چھوڑ دیا۔

 پولیس کا مؤقف ہے کہ گاڑی اور نوجوانوں کے خلاف کوئی تحریری شکایت نہیں تھی اس لیے رہا کیاگیا۔

مزید خبریں :