گلدستے کی جگہ سوکھے پتوں کا گچھہ 1200 روپے میں

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل 

تازے پھولوں کا گُلدستہ اپنے گھر میں سجانا کسے اچھا نہیں لگتا ہوگا لیکن کیا آپ اپنے گھر میں خزاں کے سوکھے پتوں کا گچھہ سجانا پسند کریں گے؟

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی ایک سپر مارکیٹ میں خزاں کے سوکھے پتوں کا گچھہ 6 پونڈ یعنی 7.5 امریکی ڈالر (پاکستانی تقریباً 1200 روپے) میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس سوکھے پتوں کے گچھے کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پلاسٹک میں جس طرح پھولوں کو سجایا جاتا ہے بلکل اسی طرح اس میں سوکھے پتوں کو سجایا گیا ہے اور اس کی قیمت 7.5 ڈالرز ہے۔

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل 

ان تصاویر کو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ سوکھے پتوں کو خریدنے کے لیے اتنے پیسے کیوں خرچ کریں جب کہ انہیں ایسے پتے اپنی گلی میں ہی پڑے ہوئے مل جائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک معروف اطالوی برانڈ گوچی کی جینز کی قیمت کے چرچے ہو رہے تھے جو کہ دکھنے میں ایسی لگ رہی تھی کہ اس پر گھاس سے داغ لگا ہو۔

یہ جینز گوچی کی فال (خزاں) کلیکشن 2020 میں پیش کی گئی ہے جس کے 2 ڈیزائن تھے اور ان میں سے ایک کی قیمت 765 ڈالر (پاکستانی تقریباً ایک لاکھ 27 ہزار) جب کہ دوسرے ڈیزائن کی جینز کی قیمت 1400 ڈالر (پاکستانی تقریباً 2 لاکھ 34 ہزار) تھی۔