کاروبار
Time 26 ستمبر ، 2020

ملک میں سونا مزید سستا ہوگیا

یکم تا 25 ستمبر تک ایک تولہ سونے کی قیمت میں 5600 روپے تک کمی واقع ہوئی— فوٹو: فائل

ملک میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے اور ستمبر کے مہینے میں اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 6000 روپے تک کمی ہوچکی ہے۔

مارچ میں کورونا وبا نے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا تو سونے کی قیمت تیزی سے اوپر گئی تاہم اب حالات معمول پر آنے کے بعد سونے کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان ہے۔

31 اگست 2020 کو فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 17 ہزار 400 روپے تھی جبکہ 26 ستمبر 2020 کو فی تولہ سونا ایک لاکھ 11 ہزار 400 روپے کاہوگیا۔

آج سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپےکم ہوئی جس کے بعد فی تولہ سونا 1لاکھ 11 ہزار 400 روپے کا ہوگیا،  10 گرام سونے کی قدر 342 روپے کم ہوکر 95 ہزار 508 روپے ہوگئی۔

عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 3 ڈالر اضافے سے 1862 ڈالر فی اونس ہے۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی

اس کے علاوہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ایک ہفتے سے منفی رجحان ہے اور 100 انڈیکس803 پوائنٹس کمی سے 41 ہزار 701 پر بند آگیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں ھنڈریڈ انڈیکس 1135 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ ھنڈریڈ انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 42 ہزار 553 اور کم ترین 41 ہزار 417 رہی۔

کاروباری ہفتے میں بازار میں دو ارب 32 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 67 ارب 69 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ کاروباری ہفتے میں سرمایہ کاروں کے شیئرز کی مالیت 126 ارب روپے کم ہوئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پرمارکیٹ کیپٹلائزیشن 7 ہزار 818 ارب روپے ہے۔ 

ڈالر کی قدر

اس کے علاوہ انٹربینک میں کاروباری ہفتے میں ڈالر کی قدر 4 پیسے کم ہوئی ہے۔

انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر ڈالر کی قدر 165 روپے 79 پیسے ہے۔ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر 50 پیسے کے بینڈ میں رہی۔

ڈالر کی ہفتہ وار بلند ترین اختتامی قیمت 166روپے 29 پیسے جبکہ کم ترین قدر 165 روپے 79 پیسے رہی۔