پاکستان
Time 27 ستمبر ، 2020

پاکستان ہندوکونسل کا بھارت میں پاکستانی ہندوؤں کے قتل کیخلاف عالمی عدالت جانے کا اعلان

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر عالمی عدالت انصاف جانے کا اعلان  کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیش کمار کا کہنا تھا کہ  بھارت میں گزشتہ ماہ قتل کیے گئے 11 پاکستانیوں کو مجبور کیا گیا کہ پاکستان میں مخبری کریں اور ایسا نہ کرنے پر انہیں قتل کیا گیا، جلد ہی بھارت کے اس مجرمانہ عمل کے خلاف عالمی عدالت انصاف جاؤں گا۔

رمیش کمار کا کہنا تھا کہ بھارت میں قتل ہونے والے خاندان کی خاتون شری متی مکھی کہتی ہیں انصاف نہ ملا تو وہ خود سوزی کرلیں گی۔

ان کاکہنا تھاکہ بلوچستان یا پاکستان کے مختلف علاقوں میں انتہا پسندی کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی ہی ملوث ہے، بھارت میں پاکستان سے گئے 11ہندوؤں کے قتل، مسلمانوں پر کیے جانے والے مظالم اور اس کیس کو رول ماڈل بناتے ہوئے کشمیرکے نہتے شہریوں پر ظلم کی داستانوں کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کروں گا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پاکستانی ہندوؤں کے احتجاج نے عالمی سطح پر مودی حکومت کا چہرہ بے نقاب کیا،  بھارتی ہائی کمیشن پر جاکر ہم نے اسٹاف آفیسر کو مطالبات پیش کیےکہ بھارت 11 پاکستانی ہندوؤں کے خون کا حساب دے،جب کہ مطالبات میں پاکستان کو تحقیقات میں شامل کرنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ دینےکا مطالبہ بھی شامل ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ وہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی پٹیشن داخل کرنا چاہتے ہيں، ہمارا عالمی تنظیموں بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ اس خاندان کے بھارت میں موجود دیگر افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔

 خیال رہے کہ 9 اگست 2020 کو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھ پور میں 11 پاکستانی ہندو پراسرار طور پر ہلاک کر دیے گئے تھے۔

متاثرہ خاندان کے سربراہ کی بیٹی شری متی مکھی نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے ان کے خاندان کو پاکستان مخالف ایجنٹ بننے کا کہا لیکن انکار پر انہیں قتل کردیا گیا۔

مزید خبریں :