دنیا
Time 30 ستمبر ، 2020

عالمی ادارہ صحت کی کورونا کےخلاف مؤثر اقدامات پر پھرپاکستان کی تعریف

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا کے خلاف مؤثر اقدامات پر ایک مرتبہ پھر پاکستان کی تعریف کی ہے۔

برطانوی آن لائن اخبار کے ایک کالم میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیو کے انفرا اسٹرکچر کو استعمال کیا۔

انہوں نے پاکستان کے حوالے سے کہا کہ تربیت یافتہ کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کو دوبارہ ملازمت فراہم کرکے ان سے نگرانی سمیت امور سرانجام کرائے گئے، اس حکمت عملی سے وائرس کا پھیلاؤ کم ہوا، جیسے جیسے ملک مستحکم ہوتا جا رہا ہے معیشت بھی اب ایک بار پھر بہتر ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ردعمل سے اس سبق کو تقویت ملتی ہے کہ یہ انتخاب وائرس پر قابو پانے یا معیشت کو بچانے کے درمیان نہیں تھا، دونوں کوساتھ لیکر چلنا ہے۔

انہوں نے وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے تھائی لینڈ، اٹلی اور یوروگوئے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی عالمی ادارہ صحت کورونا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرچکا ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا کے باعث 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :